باکسر عامر خان کا پاک فوج کا اعزازی کیپٹن بننے پر اظہار خوشی

لندن: پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے پاک فوج کے اعزازی کیپٹن بننے پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔
لندن میں نجی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو کے دوران باکسر عامر خان کا کہنا تھا کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں اسپورٹس سے تعلق رکھنے والا پہلا پاکستانی ہوں، جسے یہ اعزاز ملا ہے۔
دوسری جانب ایکس (ٹوئٹر ) پر تقریب سے لی گئی تصاویر شیئر کرتے ہوئے باکسر عامر خان کا کہنا تھا کہ مجھے لندن میں یوم دفاع و شہدا پاکستان کی تقریب میں شرکت کا اعزاز حاصل ہوا۔
عامر خان نے اپنی ٹوئٹ میں کرنل تیمور اور ڈاکٹر محمد فیصل کا بھی شکریہ ادا کیا۔
خیال رہے کہ رواں برس مئی میں پاک فوج نے عامر خان کو ایک دن کے لیے اعزازی کیپٹن کے رینک لگائے تھے، باکسر عامر خان کو باکسنگ کے میدان میں کامیابیوں کے اعتراف پر کیپٹن کے اعزازی رینک لگائے گئے تھے۔

Boxer Aamir KhanBritish BoxerExpressed HappinessHonorary Captain of Pak Army