ممبئی: پاکستان سے بھارت فرار ہوکر ہندو نوجوان سے بیاہ رچانے والی چار بچوں کی ماں سیما حیدر کو بولی وُڈ پروڈیوسر امیت جانی نے فلم کی پیشکش کردی۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق سیما حیدر کے ساتھ ان کے شوہر سچن کو بھی بولی وُڈ فلموں کے لیے آفرز آرہی ہیں، تاہم ابھی تک ان دونوں نے اس حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے۔
پاکستان سے فرار ہونے والی سیما حیدر اور سچن کی محبت کی کہانی کسی فلمی کہانی سے کم تو نہیں، لیکن اب سیما حیدر کا حقیقی زندگی میں بولی وُڈ کی ہیروئن بننے کا امکان ہے۔ بولی وُڈ کے پروڈیوسر امیت جانی کا کہنا ہے کہ وہ سیما اور سچن کی محبت سے متاثر ہوئے ہیں اور ان کی مالی مدد کے لیے انہیں فلم آفر کر رہے ہیں۔
سیما اور سچن کی محبت کی کہانی کافی عرصے سے پاکستان اور بھارت سمیت دنیا بھر میں خوب وائرل ہورہی ہے، ان کی محبت کے اسکینڈل کے پیچھے حقیقت کیا ہے یہ تو تاحال معلوم نہیں ہوسکا، تاہم یہ فلم ان کی محبت کی کہانی پر نہیں بلکہ راجستھان کے ٹیلر کنہیا کے قتل پر مبنی ہے۔
خیال رہے کہ سیما حیدر پب جی کے ذریعے بھارت کے رہائشی سچن کی محبت میں گرفتار ہوکر اپنے 4 بچوں کے ہمراہ پاکستان سے دبئی اور پھر نیپال سے بھارت فرار ہوئی تھی۔