نئی دہلی: بھارت میں بی جے پی رہنما نے بیمار بچوں کو قتل کرنے کے بعد خود بھی اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست مدھیہ پردیش میں بی جے پی کے سابق عہدیدار سنجیو مشرا بچوں کی بیماری سے پریشان تھے۔ سنجیو مشرا کے دونوں بیٹے پٹھوں کی کمزوری کی بیماری میں مبتلا تھے، جس کے باعث وہ ذہنی دباؤ میں تھے۔
دونوں بیٹوں کو قتل کرنے کے بعد سنجیو مشرا اور ان کی بیوی نے خودکشی کرلی۔پولیس کے مطابق پوسٹ مارٹم رپورٹ میں چاروں لاشوں میں زہر پایا گیا ہے۔
خود کشی سے قبل سوشل میڈیا پر پیغام میں بی جے پی کے سابق عہدیدار کا کہنا تھا کہ اوپر والا کسی دشمن کے بچوں کو بھی یہ بیماری نہ دے۔ میں اپنے بچوں کو بچا نہیں سکتا، اس لیے خودکشی کررہا ہوں۔
سوشل میڈیا پوسٹ پڑھنے کے بعد جب سنجیو مشرا کے دوست ان کے گھر پہنچے تو وہ بے ہوشی کی حالت میں ملے۔ انہیں قریبی اسپتال لے جایا گیا تاہم وہ وہاں جانبر نہ ہوسکے۔