صوابی میں جوڑے کے ہاں بیک وقت 4 صحت مند بچوں کی پیدائش

صوابی: ضلع صوابی کے ایک جوڑے کے لیے یہ ماہ بے پناہ خوشیوں اور برکتوں کا پیغام لے کر آیا۔ باچا خان میڈیکل کمپلیکس (BKMC) میں ایک حیرت انگیز واقعہ پیش آیا جہاں ایک خاتون نے بیک وقت چار صحت مند بچوں کو جنم دیا ہے۔
اسپتال کے ترجمان کی جانب سے تصدیق کی گئی ہے کہ والدین کا تعلق صوابی کے علاقے سلیم خان سے ہے۔ نوزائیدہ بچوں میں دو بیٹے اور دو بیٹیاں شامل ہیں۔ سب سے زیادہ حیران کن بات کہ یہ ایک غیر معمولی کیس تھا جس میں بچوں کی پیدائش بغیر کسی آپریشن کے نارمل ڈیلیوری کے ذریعے ہوئی۔ اسپتال انتظامیہ نے اسے ماں اور بچوں کی اچھی صحت اور ڈاکٹرز کی محنت کا نتیجہ قرار دیا ہے۔
بچوں کی دیکھ بھال کی تفصیلات بتاتے ہوئے، انچارج نیونٹل کیئر یونٹ (NCU)، ڈاکٹر عنایت اللہ نے کہا کہ چونکہ یہ چار بچوں کی پیدائش کا غیر معمولی کیس تھا، اس لیے احتیاطی تدابیر کے طور پر چاروں بچوں کو 21 روز تک انتہائی نگہداشت یونٹ میں رکھا گیا۔ اللہ کے فضل اور اسپتال کے خصوصی عملے کی دیکھ بھال کی بدولت، ماں اور چاروں بچے اب بالکل صحت مند ہیں اور ایک ماہ کی عمر کو پہنچ چکے ہیں۔
بچوں کے والد، مقصود علی اس غیر متوقع اور شاندار خوشی پر اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے بے حد مسرور نظر آئے۔ انہوں نے کہا، ایک ساتھ چار بچوں کی پیدائش پر ہم خاندان بھر میں خوشی اور شکرگزاری کا اظہار کرتے ہیں۔ یہ اللہ کی طرف سے ہمارے لیے ایک بہت بڑا انعام ہے۔ میں باچا خان میڈیکل کمپلیکس انتظامیہ اور خاص طور پر ان ڈاکٹرز اور نرسوں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے اتنے مشکل کیس میں میری اہلیہ اور بچوں کی بہترین دیکھ بھال کی۔
اسپتال کے عملے اور مقامی برادری نے اس غیر معمولی پیدائش پر والدین کو مبارک باد دی ہے، جس نے نہ صرف سلیم خان کے خاندان بلکہ پورے علاقے میں خوشی کی لہر دوڑا دی ہے۔

four child birthSwabi