کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کراچی کے مختلف علاقوں کے دورے کا آغاز کردیا۔ وہ کراچی کے مختلف علاقوں میں بغیر کسی پیشگی شیڈول کے اچانک پہنچے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کراچی میں عوامی مسائل اور ان کے حل کے اقدامات کا خود جائزہ لیا، اُن کے ہمراہ وزیراعلیٰ سندھ، وزیر بلدیات اور ایڈمنسٹریٹر کراچی نے بھی شہر قائد کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔
بلاول بھٹو زرداری نے کراچی میں نکاسی آب، سڑکوں اور صفائی کی صورت حال کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کراچی میں شجر کاری کے مختلف منصوبوں کا معائنہ بھی کیا۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کلفٹن تین تلوار، شارع فیصل سے ہوتے ہوئے پی ای سی ایچ ایس پہنچے۔ انہوں نے پی ای سی ایچ ایس کے لیے تعمیر ہونے والے نکاسی آب کے منصوبے کا معائنہ کیا۔
بلاول بھٹو زرداری کے شہر قائد کے مختلف علاقوں کے سرپرائز دورے میں عوامی مسائل اور ان کے حل کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اس سرپرائز وزٹ کے دوران وزیراعلیٰ سندھ گاڑی چلارہے تھے۔
بعدازاں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری بہادرآباد سے ہوتے ہوئے دھوراجی کالونی کڈنی ہل پارک پہنچے، انہوں نے کڈنی ہل پارک میں پودا لگا کر شجرکاری مہم میں اپنا حصہ ڈالا۔ اس کے علاوہ انہوں نے حسن اسکوائر، غریب آباد، لیاقت آباد، سندھی ہوٹل، چونا ڈپو، گولیمار، گلبہار، لسبیلہ اور پٹیل پاڑہ کا بھی دورہ کیا۔
انہوں نے معمول کے ٹریفک میں شہر قائد کے مختلف علاقوں کے مسائل کا جائزہ لیا، وہ گرومندر، نمائش، ریگل سے ہوتے ہوئے ایمپریس مارکیٹ صدر پہنچے۔ بلاول بھٹو زرداری کو ایمپریس مارکیٹ کی بحالی کے حوالے سے خصوصی بریفنگ دی گئی۔بلاول بھٹو زرداری ایمپریس مارکیٹ کے دکان داروں میں گھل مل گئے۔