کراچی: شیخ رشید کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو نے سمجھ دارانہ سوچ کا عندیہ دیا اور انٹرویو میں ذمے دارانہ رویہ اختیار کرکے زوردار بیان دیا ہے۔
وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 16 تاریخ سے گلگت بلتستان سے نئی باتیں آنے لگیں گی، دیکھتے ہیں ہارنے والے شکست تسلیم کرتے ہیں یا نہیں لیکن گلگت بلتستان کا فیصلہ قبول نہ کیا گیا تو بدمزگی پیدا ہوگی۔
چیئرمین پیپلزپارٹی کے انٹرویو پر ردعمل میں انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو نے سمجھ دارانہ سوچ کا عندیہ دیا ہے، میری رائے میں بلاول نے انٹرویو میں ذمے دارانہ رویہ اختیار کیا اور زوردار بیان دیا، پیپلز پارٹی استعفے نہیں دے گی اور (ن) لیگ کے ساتھ بھی نہیں چلے گی۔
اُن کا کہنا تھا کہ عمران خان نے کہا نیب این آر او کے علاوہ تمام معاملات پر بات چیت کو تیار ہیں، ایک پارٹی نے دسمبر اور ایک نے جنوری تک کا ٹائم دیا ہے۔
شیخ رشید نے مزید کہا کہ نواز شریف اور مریم سیاست کو بند گلی کی طرف لے کر جارہے ہیں، سیاست میں جوڈو کراٹے کا انجام اچھا نہیں ہوتا، ایسا سیاست دان نہیں دیکھا جو ڈائیلاگ کے بجائے جوڈو کراٹے پر یقین رکھے۔
جہانگیر ترین کی وطن واپس پر شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ہر کوئی کہتا تھا جہانگیر ترین بھاگ گیا لیکن وہ واپس آگیا اسے سراہا جانا چاہیے۔