کراچی: پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری بھی کورونا کی زد میں آگئے۔
چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے اپنی ٹویٹ کے ذریعے بتایا کہ ان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے جس کے بعد انہوں نے خود کو قرنطینہ کرلیا ہے، ان میں کورونا کی معمولی علامات ہیں، وہ گھر سے کام جاری رکھیں گے اور پیپلزپارٹی کے یوم تاسیس کے جلسے سے وڈیو لنک پر خطاب کریں گے۔
بلاول بھٹو زرداری نے عوا م سے ماسک پہننے اور احتیاط کی بھی اپیل کی ہے۔
2 روز قبل بلاول بھٹو زرداری کے مشیر جمیل سومرو کورونا کا شکار ہوئے تھے جس کے بعد انہوں نے خود کو قرنطینہ کرلیا تھا۔
دوسری جانب بلاول بھٹو زرداری کی ہمشیرہ بختاور بھٹو زرداری کی جمعے کو بلاول ہاؤس کراچی میں منگنی ہے۔ منگنی میں شرکت کے لیے زرداری خاندان نے دعوت نامے کے ساتھ مہمانوں کو خصوصی ہدایات بھی کی تھیں، مہمانوں کو کہا گیا تھا کہ وہ اپنی کورونا رپورٹس ای میل کریں۔
واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ بھی کورونا کا شکار ہوکر اس وقت قرنطینہ میں ہیں، وہ سوشل میڈیا اور انٹرنیٹ کے ذریعے اپنی ذمے داریاں سرانجام دے رہے ہیں۔