کراچی میں بلدیاتی انتخابات کی تاخیر کا عالمی ریکارڈ قائم ہوگیا، بلاول بھٹو

کراچی: ملک کے وزیر خارجہ اور چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ بار بار انتخابات ملتوی ہونے سے شہر قائد کے لوگ تنگ آچکے مگر اب اُن کا انتظار ختم ہورہا ہے، کیونکہ کراچی میں 15 جنوری 2023 کو ہی بلدیاتی الیکشن ہوں گے۔
کراچی میں بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے پیپلزپارٹی کے کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ میں وزیراعلیٰ کو کہتا ہوں وہ ہر سازش کو ناکام بنا کر کراچی اور حیدرآباد میں بلدیاتی انتخابات کروائیں کیونکہ اب لوگ اپنے مسائل اور مقامی نمائندگی نہ ہونے سے پریشان ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کراچی والوں نے دیکھا جب اُن کا ایڈمنسٹریٹر تھا تو شہر میں تیزی سے کام ہوا، بلدیاتی اداروں کے دروازے شہریوں کے لیے کھولے گئے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے معلوم ہے بلدیاتی الیکشن ملتوی ہونے سے آپ تنگ ہورہے ہیں، الیکشن لڑنے والوں کو معلوم ہے کہ انتخابات لڑنا کتنا مشکل ہے، کراچی میں بلدیاتی انتخابات کی تاخیر کا عالمی ریکارڈ قائم ہوگیا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ بلدیاتی انتخابات کے لیے ہر حلقے سے نمائندہ کھڑا کیا ہے، جس میں تمام قومیتوں کی نمائندگی شامل ہے، پورا کراچی انتخابات کا منتظر ہے اور امیدوار الیکشن مہم چلا چلا کر تھک چکے ہیں، عوام اب کراچی اور حیدرآباد کی لوکل باڈیز کی نمائندگی چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں جیت ہار کا کوئی خوف نہیں، جو بھی شفاف طریقے سے کراچی اور حیدرآباد کا انتخاب جیتیں گے ہم اُس کو قبول کریں گے، مخالف جماعت کے ناظم کے ساتھ ماضی میں بھی کام کیا ہے، اگر شکست ہوئی تو بھی منتخب امیدواروں کے ساتھ پی پی کام کرے گی۔
بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ کے ایم سی کی کارکردگی اور پی پی جیالوں کی محنت بتارہی ہے شہر کا اگلا میئر جیالا ہوگا جو آج کے پروگرام میں موجود ہے، ماضی میں ہم نے جو بولا کام کر کے دکھایا، ہم کبھی یوٹرن نہیں لیتے۔

Bilawal Bhutto zardariHyderabadkarachiLocal govt ElectionPPP Chairman