کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ بجلی بلوں میں 35 فیصد تک انکم ٹیکس کے نفاذ کے بعد پانی سر سے اونچا ہوچکا، عمران خان نے مہنگائی کو عوام کا سب سے بڑا مسئلہ بنادیا۔
اپنے بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ قوم فیصلہ کرلے کہ اگر مہنگائی سے نجات چاہیے تو پی ٹی آئی حکومت کو گھر بھیجنا ہوگا، مہنگائی کے خلاف ملک بھر کے عوام کمر کس کر باہر نہ نکلے تو عمران خان کے عوام پر حملے نہیں رُکیں گے، بجلی کے دس ہزار روپے تک کے بلوں پر 5 اور 20 ہزار تک کے بلوں پر 10 فیصد انکم ٹیکس مسترد کرتے ہیں۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ بجلی کے 30 ہزار روپے تک کے بلوں پر 20 فیصد جب کہ 40 ہزار روپے تک کے بلوں پر 20 فیصد انکم ٹیکس مہنگائی کا ایک نیا طوفان لائے گا، پٹرول کے بعد بجلی کی قیمتیں بڑھنے سے فیکٹریوں کی پیداواری لاگت میں ہونے والا اضافہ عام آدمی کے بجٹ کو مزید متاثر کرے گا۔
واضح رہے کہ ملک میں گرانی میں ہوش رُبا اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے، دو روز قبل ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 6 روپے تک اضافہ کیا گیا ہے۔