کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کسی کو وزیراعلیٰ یا کسی وزیر یا بیورو کریسی سے شکایت ہے تو مجھ سے کرے یہ صوبہ پیپلز پارٹی کا ہے، کہیں اور جاکر چغلی کرنے کی ضرورت نہیں۔
کراچی میں تاجروں کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ کوشش کروں گا کہ تاجروں کے مسائل حل کرسکوں، کسی کو وزیراعلیٰ یا کسی وزیر یا بیورو کریسی سے شکایت ہے تو مجھ سے کرے، یہ صوبہ پیپلز پارٹی کا ہے، کہیں اور جاکر چغلی کرنے کی ضرورت نہیں۔
چیئرمین پی پی ںے کہا کہ جس طریقے سے یہ شہر چلتا تھا وہ تاریخ کا حصہ ہے اب تاجروں سے بھتہ نہیں مانگا جارہا، اب آپ کی زندگی کو کوئی خطرہ نہیں، اب زبردستی صنعت بند نہیں ہوتی، مزدوروں کو زبردستی جلسے میں نہیں لایا جاتا تو اس میں ہمارا بھی کردار ہے، بلاول نے کہا کہ کیا میں نے کبھی آپ کو تنگ کیا؟ میں کیوں چاہوں گا کہ میرے اور حکومت کے نام پر آپ کو کوئی تنگ کرے۔
بلاول نے کہا کہ سندھ حکومت کے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ منصوبے منافع میں ہیں، یہاں اسلام آباد میں فیصلے کیے جاتے ہیں، ٹیرف سیٹ کیے جاتے ہیں، ہم سے مشورے کے بغیر پالیسیاں بنائی جاتی ہیں اور نقصان سب اٹھاتے ہیں، جتنا سعودی عرب کے پاس تیل ہے، اتنا سندھ کے پاس کوئلہ ہے، ہمارا مطالبہ ہے کہ بجلی دیں اور سستی بجلی دیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اور وزیر ڈھٹائی سے کہتے ہیں کہ ہم نے پاکستان سے لوڈ شیڈنگ ختم کردی، آپ مجھے سندھ یا کوئی ایک شہر بتادیں جہاں لوڈشیڈنگ نہیں ہورہی، وفاق کے رویے کے سبب سندھ حکومت بجلی کے اپنے منصوبوں کی جانب بڑھ رہی ہے، ہم جو منصوبے شروع کرنے جارہے ہیں، ہمیں اس کے لیے اسلام آباد سے اجازت لینے کی ضرورت نہیں۔