اہلیان کراچی کیلیے بجلی قیمتوں میں اضافے پر سخت تشویش ہے، مرتضیٰ وہاب

کراچی: سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت کو کراچی والوں کے معاشی معاملات کا ادراک نہیں۔
وفاقی حکومت کے مجوزہ کراچی پیکیج اور بجلی کے نرخوں میں اضافے پر ترجمان سندھ حکومت و مشیر بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت کے قول فعل میں بڑا تضاد ہے یہ فرشتے کہتے کچھ اور کرتے کچھ اور ہیں، ان کے بارے میں ملکی عوام اچھی طرح جان چکے ہیں، کراچی کے شہریوں کو عمران خان کی طرف سے اعلان کردہ 162 روپے کی ترقیاتی پیکیج کا انتظار ہے نجانے یہ 162 ارب روپے کہاں رہ گئے؟ پہلے اعلان پر عمل نہیں ہوا اور پھر کراچی والوں کو مزید سُہانے خواب دکھائے جارہے ہیں۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ایک طرف کراچی پیکیج کا اعلان کرنے جارہے ہیں تو دوسری جانب کراچی والوں کے لیے بجلی کی قیمت میں اضافے کا فیصلہ کرکے ان پر بجلی گرائی جارہی ہے، شاید حکومت کو کراچی والوں کے معاشی معاملات کا ادراک نہیں ہے، حالیہ بارشوں اور کورونا کی وجہ سے ایک عام آدمی سے لے کر تاجر و صنعت کار معاشی صورتحال سے دوچار ہے لیکن وفاقی حکومت کراچی کے لیے بجلی کے فی یونٹ نرخ میں 2 روپے 39 پیسے اضافہ کرنے جارہی ہے، یہ کیسی حکومت ہے جو کاروباری اور شہری طبقے کی مشکلات میں کمی کے بجائے اضافہ کررہی ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ اہلیان کراچی سمیت ملکی عوام آپ کی ناکام پالیسیوں سے تنگ آچُکے ہیں، ہمیں بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے فیصلے پر سخت تشویش ہے، ایسے فیصلے کی ہم سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، خدارا کراچی کے عوام پر رحم کرکے بجلی کے نرخوں میں اضافے کا فیصلہ واپس لیا جائے تاکہ شہری سکھ کا سانس لے سکیں۔

Murtaza Wahab