سان فرانسسکو: فیس بک صارفین کے لیے بڑی خوش خبری، فیس بک نے ملٹی پل یوزر فیچر متعارف کرادیا، جس کی بدولت ایک اکاؤنٹ سے مزید 4 پروفائل بنائے جاسکیں گے۔
بین الاقوامی جریدے کی رپورٹ کے مطابق میٹا کی طرف سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک کے صارفین میں ہونے والی کمی کے پیش نظر نیا فیچر متعارف کرایا گیا ہے۔
فیس بک کے اس نئے فیچر کے ذریعے ایک ہی تعارف سے 4 دیگر پروفائل بنانے کی اجازت ہوگی جو مرکزی آئی ڈی سے جڑے ہوں گے، مین آئی ڈی یا لنکڈ پروفائل سے ہونے والی خلاف ضابطہ کسی بھی سرگرمی پر فیس بک انتظامیہ کی طرف سے آنے والے ردعمل کا اطلاق تمام اکاؤنٹس پر ہوگا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ کی طرف سے متعارف کرائے جانے والے اس نئے فیچر کو کسی بھی جعلی یا جھوٹے مقاصد کے لیے استعمال کرنے کی ممانعت ہے۔
فیس بک انتظامیہ نے اس امید کا اظہار کیا کہ نئے فیچر کو صارفین دوستوں، ذاتی دلچسپیوں کے لیے مختص کرنے کے ساتھ مختلف انداز میں استعمال کریں گے۔