کیلیفورنیا: انسٹینٹ میسجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ ایک نیا فیچر کمیونٹیز متعارف کرانے جارہی ہے۔
رپورٹس کے مطابق صارفین اس فیچر کو استعمال کرتے ہوئے متعدد گروپس کو ایک جگہ رکھ سکیں گے اور ایک ہی وقت میں سب کو اہم پیغامات سے مطلع کرسکیں گے۔
اس ضمن میں میٹا کے سی ای او مارک زکربرگ کا کہنا تھا کہ آج واٹس ایپ پر کمیونٹیز کو متعارف کرایا جارہا ہے۔ یہ ذیلی گروپس، متعدد تھریڈز، اعلانات کے ذرائع وغیرہ کو فعال کرتے ہوئے گروپس کو بہتر بنائے گا۔
کمیونٹیز کے حوالے سے پہلے اپریل میں اعلان کیا گیا تھا لیکن اب اس فیچر کو عالمی سطح پر متعارف کرایا جانے والا ہے۔
اینڈرائیڈ صارفین کے لیے کمیونٹیز ٹیب چیٹ کے اوپر اور آئی او ایس صارفین کے لیے چیٹ کے نیچے ظاہر ہوگا۔
صارفین اس ٹیب کو دباتے ہوئے ایک نئی کمیونٹی شروع کرسکتے، یا پہلے سے موجود گروپس کو شامل کرسکتے ہیں۔
ایک بلاگ پوسٹ میں نئے فیچر کا اعلان کرتے ہوئے واٹس ایپ کا کہنا تھا کہ ایک بار آپ کسی کمیونٹی کا حصہ بن جائیں، اس کے بعد آپ دستیاب گروپس کے درمیان مطلوبہ معلومات حاصل کرنے کے لیے باآسانی سوئچ کرسکتے ہیں جب کہ کمیونٹی کے ایڈمن کمیونٹی میں موجود ہر فرد کو ضروری اطلاعات بھیج سکیں گے۔
واٹس ایپ کے مطابق یہ فیچر آئندہ چند ماہ میں تمام صارفین کے لیے متعارف کرادیا جائے گا۔