واشنگٹن: امریکی عدالت نے جوبائیڈن کا تارکین وطن کی ملک بدری روکنے کا فیصلہ معطل کردیا۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق امریکا میں انسانی حقوق کے کچھ گروپوں نے صدر جوبائیڈن کا 100 روز کے لیے تارکین وطن کی ملک بدری روکنے کا فیصلہ عدالت میں چیلنج کیا تھا۔
امریکی عدالت کے فیڈرل جج نے صدر جوبائیڈن کے اس فیصلے کو عارضی طور پر معطل کردیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق صدر ٹرمپ کے دور میں تعینات کیے جانے والے ٹیکساس کے ڈسٹرکٹ جج نے ایک عارضی پابندی کا فیصلہ جاری کیا ہے جس میں صدر جوبائیڈن کی پالیسی پر عمل درآمد کو ملک گیر سطح پر 14 روز کے لیے روکنے کا حکم دیا ہے۔
امریکی جج کا کہنا تھا کہ صدر جوبائیڈن کی انتظامیہ تارکین وطن کے معاملے پر کوئی مضبوط اور معقول وجہ بتانے میں ناکام ہوئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جوبائیڈن کی انتظامیہ کی جانب سے عدالتی فیصلے کے خلاف اپیل کیے جانے کا امکان ہے۔