جوبائیڈن کا جیت سے محض 6 ووٹ کا فاصلہ!

واشنگٹن: امریکی صدارتی انتخاب کے نتائج سامنے آنے کے بعد ڈیموکریٹک امیدوار جوبائیڈن جیت کے انتہائی قریب پہنچ گئے اور کامیابی اُن سے محض 6 ووٹوں کے فاصلے پر اپنا دامن پھیلائے کھڑی ہے۔
امریکی عہدہ صدارت پر براجمان ہونے اور وائٹ ہاؤس کا مکین بننے کے لیے صدارتی امیدوار کو 270 الیکٹورل ووٹ درکار ہیں۔
بین الاقوامی ملکی میڈیا کے مطابق ڈیموکریٹک امیدوار جوبائیڈن نے 264 اور ری پبلکن امیدوار امریکی صدر ٹرمپ نے اب تک 214 الیکٹورل ووٹ حاصل کیے ہیں۔
امریکی میڈیا کے مطابق جوبائیڈن مشی گن سے 16 الیکٹورل ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے ہیں جس کے بعد ان کے ووٹوں کی تعداد 264 ہوگئی ہے اور اس طرح جوبائیڈن کو وائٹ ہاؤس تک پہنچنے کے لیے صرف 6 ووٹ درکار ہیں۔
امریکا میں اب بھی ووٹوں کی گنتی جاری ہے اور اب صرف 5 ریاستوں کے نتائج آنا باقی ہیں۔
ان چاروں ریاستوں میں الیکٹورل ووٹوں کی تعداد56 ہے لہٰذا چاروں ریاستوں میں جیتنے پربھی ٹرمپ کے الیکٹورل ووٹ 268 ہوجائیں گے جو صدارت کی کرسی پر بیٹھنے کے لیے 2 ووٹ کم ہیں۔
امریکی میڈیا کا بتانا ہے کہ ایک ریاست میں بائیڈن اور 4 میں ٹرمپ کو برتری حاصل ہے جب کہ 6 الیکٹورل ووٹوں پر مشتمل نیواڈا میں جوبائیڈن ٹرمپ سے آگے ہیں۔
ٹرمپ کو پنسلوانیا، نارتھ کیرولینا، جارجیا اور الاسکا میں برتری حاصل ہے جب کہ نیواڈا میں 75 فیصد ووٹوں کی گنتی ہوچکی ہے جہاں سے جوبائیڈن کو 8 ہزار ووٹوں کی برتری حاصل ہے۔
ڈیموکریٹک امیدوار جوبائیڈن نے 29 الیکٹورل ووٹ حاصل کرکے نیویارک سے میدان مار لیا ہے اور کولوراڈو سے بھی 9 الیکٹورل ووٹ لے کر کامیاب ہوئے ہیں۔

#Americanpresidentialelection#JoeBiden#Trump