نواز شریف کو پیغام ہے کہ بہت ہوگیا اب مزید نہیں، وزیر داخلہ

اسلام آباد: شیخ رشید نے کہا ہے کہ نواز شریف کو بطور وزیر داخلہ پیغام ہے کہ بہت ہوگیا اب مزید نہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ گزشتہ روز پی ڈی ایم نے اپنی سیاست کو دفن کیا، لاہور جلسے میں مولانا فضل الرحمان کے مدرسے سے لوگ نہ آتے تو ان کو مایوسی ہوتی، اپوزیشن کو سوشل میڈیا بتائے کہ جلسے میں کتنے لوگ تھے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ یہ لوگ اربوں روپے جلسوں پر لگارہے ہیں، یہ لوگ لوٹی ہوئی رقم کو بچانے کے لیے سڑکوں پر نکل آئے ہیں، استعفیٰ دینے کی بات کرتے ہیں، ہم پی ڈی ایم والوں کے استعفوں کے منتظر ہیں، لانگ مارچ کرنا ہے کرلیں، استعفے دینے ہیں دے دیں، ہم وہ کریں گے جس کی آئین اور قانون اجازت دیتا ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ عمران خان سے بات نہیں ہوگی تو بتائیں کن سے مذاکرات کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان 5 سالہ مدت پوری کریں گے، وزیراعظم این آر او اور نیب کے سوا بات چیت کرنے کے لیے تیار ہیں، ہم ڈائیلاگ کے دروازے بند نہیں کرنا چاہتے۔
شیخ رشید نے کہا کہ مسلح افواج کے بارے میں نااہل، سزا یافتہ اور مفرور غیر ذمے دارانہ گفتگو کرتے ہیں، نواز شریف کو بطور وزیر داخلہ پیغام ہے کہ بہت ہوگیا اب مزید نہیں، ملکی اداروں کے خلاف بولنا آپ کے ہر ایجنڈے کا حصہ ہوتا ہے۔ اس ملک سے بڑھ کر اور کچھ نہیں۔

Nawaz sharifPDMsheikh rasheed