اسلام آباد: پاکستان کا کہنا ہے کہ بھارت مسلسل اپنی عالمی ذمے داری سے راہِ فرار اختیار کیے ہوئے ہے اور اس کی پالیسیاں چین اور پاکستان سمیت تمام ہمسایوں کے لیے خطرہ ہیں۔
ترجمان دفترخارجہ زاہد حفیظ کا ہفتہ وار پریس بریفنگ میں کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے کشمیریوں کو جعلی مقابلوں میں نشانہ بنایا جارہا ہے۔ شہری آبادیوں پر اسلحے کا استعمال عالمی و انسانی قوانین کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں غیر قانونی لاک ڈاؤن کو گزشتہ روز 400 دن مکمل ہوگئے۔ دنیا بھر سے کشمیر کی صورت حال کی مذمت کی جارہی ہے، مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے اقوام متحدہ کی متعدد قراردادیں بھی موجود ہیں۔ کشمیریوں کو ان کی امنگوں کے مطابق حق خودارادیت ملنا چاہیے۔
ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ بھارتی افواج ایل او سی پر بھی مسلسل فائرنگ کررہی ہیں، بھارتی افواج رواں سال ایل او سی پر 2 ہزار سے زائد مرتبہ سیزفائر کی خلاف ورزی کرچکی ہیں، گزشتہ روز بھی امن کا دشمن بھارت جارحیت سے باز نہ آیا اور ایک بار پھر لائن آف کنٹرول پر بلااشتعال فائرنگ کرکے سول آبادی کو نشانہ بنایا، جس میں تین معصوم شہری زخمی اور پاک فوج کا ایک جوان شہید ہوا تھا، بھارت مسلسل اپنی عالمی ذمے داری سے راہِ فرار اختیار کیے ہوئے ہے اور بھارتی پالیسیاں چین اور پاکستان سمیت تمام ہمسایوں کے لیے خطرہ ہیں۔