سیالکوٹ: بھارت کی جانب سے ایک بار پھر آبی جارحیت کا مظاہرہ کیا گیا ہے، دریائے چناب میں 3 لاکھ کیوسک پانی کا ریلا چھوڑ دیا۔ انتظامیہ نے سیالکوٹ، منڈی بہاء الدین، جھنگ سمیت چناب کنارے آباد شہریوں کو الرٹ جاری کردیا۔
بھارتی حکام نے ضلع ریاسی میں دریائے چناب پر سلال ڈیم میں پانی کی سطح خطرناک حد تک اونچی ہونے کے بعد ڈیم کے تمام اسپل ویز کھول دیے۔ ہیڈ مرالہ اتھارٹی سمیت محکمہؑ آب پاشی کے تمام حکام کو کسی بھی صورت حال سے نمٹنے کے لیے الرٹ کردیا گیا ہے۔ 5 گھنٹوں میں ہیڈ مرالہ کے مقام پر پانی کی سطح 76 ہزار کیوسک سے بڑھ کر ایک لاکھ 40 ہزار کیوسک تک پہنچ گئی۔
خیال رہے کہ ماضی میں بھی بارہا بھارت کی جانب سے اس قسم کی آبی جارحیت کا مظاہرہ ہوتا رہا ہے، جس کے نتیجے میں ملک کے بعض حصوں میں سیلاب کی صورت حال پیدا ہوئی۔