لبنان کے سفیر ویزکن کیولیکین کا کہنا ہے کہ بیروت بندرگاہ پر ہونے والے دھماکے میں گندم کا بڑا ذخیرہ تباہ ہوگیا۔
پاکستان میں متعین لبنانی سفیر ویزکن کیولیکین کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ گندم کا بڑا ذخیرہ بندرگاہ پر تباہ ہونے کے باعث ہمیں غذائی قلت کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ دھماکے سے بیروت پورٹ کی برتھیں تباہ ہوگئیں، اس دھماکے کو ہیروشیما کی طرح بیروت شیما کہا جارہا ہے۔
لبنانی سفیر کا کہنا تھا کہ بیروت دھماکے سے وزارت خارجہ کی عمارت کو شدید نقصان پہنچا، دھماکے سے وزارت کی عمارت کی ایک چھت اڑ گئی۔
ویزکن کیولیکین نے بتایا کہ ابھی لاشیں ملبے تلے دبی ہیں، جنہیں نکالنے کی کوشش کی جارہی ہے جب کہ بیروت کے اسپتالوں میں زخمیوں کے لیے جگہ باقی نہیں رہی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز لبنان کے دارالحکومت بیروت کی بندرگاہ پر اسلحے کے گودام میں زوردار دھماکے ہوئے تھے جنہیں 24 کلومیٹر دور تک سنا گیا تھا۔
دھماکے کے نتیجے میں اب تک 100 افراد ہلاک اور 4000 زخمی ہوچکے ہیں جب کہ بندرگاہ اور آس پاس کی عمارتوں سمیت گاڑیوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔