کراچی: ترجمان سندھ حکومت، ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے محمد علی سوسائٹی میں ہونے والے آتش زدگی کے واقعے کی تفصیلات کے لیے چیف فائر آفیسر اور اربن ریسکیو کے کمانڈر کو طلب کرلیا۔
بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ واقعے سے متعلق 48 گھنٹے میں رپورٹ پیش کی جائے، منظور کالونی فائر اسٹیشن کے اسٹیشن آفیسر کو ایکس پلینشن لیٹر جاری کیا گیا ہے کہ فائر ٹینڈر پہنچنے میں تاخیر کیوں ہوئی۔
چیف فائر آفیسر نے ایڈمنسٹریٹر کراچی کو بریفنگ میں بتایا کہ سوک سینٹر، ناظم آباد اور گلشن اقبال فائر اسٹیشنوں کی گاڑیاں جائے وقوع پر پہنچیں اور آگ پر قابو پایا۔
ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ اگر فائر بریگیڈ کے عملے کی کوتاہی ثابت ہوئی تو ان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ محمد علی سوسائٹی میں گھر میں لگنے والی آگ کے باعث ایک ہی گھر کے 5 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔ انتقال کرنے والوں میں فارنسک سائنس کی دُنیا کا بڑا نام پروفیسر ڈاکٹر راحت مرزا بھی شامل تھے۔