کراچی: پی ایس ایل 6 کے بقیہ مقابلوں کے لیے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد کو ابوظبی کا وزٹ ویزا مل گیا، جس کے بعد آج رات ان کی روانگی متوقع ہے۔
پی سی بی کے مطابق کمرشل پرواز سے متحدہ عرب امارات روانگی کی منظوری ملنے کے بعد پی ایس ایل 6 کے میڈیکل ایڈوائزری پینل کی مشاورت سے لاہور اور کراچی کے ہوٹلوں میں آئسولیشن میں موجود سرفراز احمد سمیت 13 کھلاڑیوں اور آفیشلز کو گھر بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ ان افراد کے ویزوں میں مزید ممکنہ تاخیر کے سبب یہ فیصلہ کیا، ویزے جاری ہونے کے بعد ان کو پی سی آر ٹیسٹ کرانے کے بعد پہلی دستیاب فلائٹ سے ابوظبی روانہ کیا جائے گا۔
دوسری جانب فاسٹ بولر محمد حسنین سمیت 5 کھلاڑی اور آفیشلز کراچی سے براستہ دوحہ ابوظبی پہنچ گئے جب کہ لاہور سے بھی 12 افراد ابوظبی گئے ہیں۔
پاکستان سپرلیگ 6 کے سربراہ بابر حامد کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں اور آفیشلز کو تکلیف کا سامنا کرنا پڑا ہے، جس پر افسوس ہے، غیر معمولی حالات میں غیر متوقع چیلنجز کے سبب کھلاڑیوں اور آفیشلز کو یہ پریشانی ہوئی۔