نئی دہلی: بھارتی جنرل بپن راوت کے حادثے میں تباہ ہونے والے فوجی ہیلی کاپٹرکا بلیک باکس اور وائس ریکارڈر مل گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق گزشتہ روز تامل ناڈو میں گر کر تباہ ہونے والے بھارتی فضائیہ کے ہیلی کاپٹر کا بلیک باکس مل گیا۔ بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے پارلیمنٹ کو بریفنگ میں بتایا کہ ہیلی کاپٹر کا وائس ریکارڈر بھی مل گیا ہے۔
راج ناتھ سنگھ کا کہنا تھا کہ جنرل بپن راوت اور ان کی اہلیہ کی باقیات آج شام نئی دہلی لائی جائیں گی اور آخری رسوم کل ادا کی جائیں گی۔
گزشتہ روز تامل ناڈو میں بھارت کے پہلے ڈیفنس چیف آف اسٹاف جنرل بپن راوت کا ہیلی کاپٹر ٹیک آف کے تھوڑی دیر بعد گر کر تباہ ہوگیا تھا۔ حادثے میں بپن راوت اور ان کی اہلیہ سمیت 13 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
ہیلی کاپٹر حادثے میں واحد زندہ بچ جانے والے بھارتی ایئر فورس کے گروپ کیپٹن ورون سنگھ تشویش ناک حالت میں اسپتال میں لائف سپورٹ سسٹم پر ہیں۔
63 سال کے بپن راوت بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے قریبی ساتھیوں میں شامل تھے۔