بھارت کو دھچکا: بنگلادیش نے چٹاگانگ میں انڈین اکنامک زون منصوبہ منسوخ کردیا

ڈھاکا: بنگلادیش نے چٹاگانگ میں انڈین اکنامک زون منصوبہ منسوخ کرنے کا اعلان کردیا، اس کی جگہ ڈیفنس اکنامک زون بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
بنگلادیش اکنامک زونز اتھارٹی (BEZA) کے ایگزیکٹو چیئرمین چوہدری عاشق محمود بن ہارون نے ڈھاکا میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ چٹاگانگ میں انڈین اکنامک زون منصوبے کو منسوخ کرکے اس کی جگہ ڈیفنس اکنامک زون بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
چوہدری عاشق محمود کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ بنگلادیش اکنامک زونز اتھارٹی کے گورننگ بورڈ کے اجلاس میں کیا گیا ہے جس کا مقصد فوجی اور دفاعی صنعتوں میں ملکی صلاحیت کو بڑھانا ہے۔
چوہدری عاشق محمود کا کہنا تھا کہ فوجی صنعت میں ہتھیاروں اور دیگر سازوسامان کی تیاری پر طویل عرصے سے بات چیت جاری تھی، ان مصنوعات کی عالمی سطح پر طلب موجود ہے اور بنگلادیش کو بھی اپنی دفاعی ضروریات خود پوری کرنے کی ضرورت ہے، اس سلسلے میں آرمڈ فورسز ڈویژن، وزارت دفاع اور چیف ایڈوائزر کے دفتر کے درمیان مشترکہ طور پر پہلے سے کام ہورہا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے قریباً 850 ایکڑ خالی زمین کی نشان دہی کی ہے، گزشتہ سال جون تک یہ زمین بھارتی اقتصادی زون کے لیے مختص تھی، جسے بعد میں منسوخ کردیا گیا، اب اس علاقے کو ماسٹر پلان میں دفاعی اقتصادی زون کے طور پر شامل کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ بنگلادیش کے دوست ممالک کے ساتھ اس حوالے سے بات چیت جاری ہے، اس وقت یہ بتانا ممکن نہیں کہ کون سا فوجی ساز و سامان تیار کیا جائے گا، کیونکہ اس کا فیصلہ طلب اور ضرورت کی بنیاد پر کیا جائے گا۔

bangladeshcancelledIndian Economic Zone Project