ڈھاکا: سیلابی ریلے نے بنگلادیش کے 11 اضلاع میں اپنے راستے میں آنے والی ہر چیز کو تہس نہس کردیا۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق بنگلادیش میں سیلاب نے 200 سے زائد دیہات کو تباہ کردیا جن میں سے 50 کے قریب مکمل ڈوب گئے اور سلابی ریلا آگے بڑھتا ہی جارہا ہے۔
اب تک 500 سے زائد تالاب اور 2500 ایکڑ اراضی پر ماہی گیری زیر آب آچکی ہے جن میں مچھلیوں کو پالا جاتا اور پھر فروخت کی جاتی تھیں۔
ماہی گیروں کا کہنا ہے کہ سیلاب میں ان کا گھر ہی نہیں بلکہ سرمایہ بھی ڈوب گیا۔ کئی ایکڑوں پر کھڑی فصلوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔
سیلاب سے متاثر 64 ہزار افراد نے 724 پناہ گاہ مراکز میں پناہ لی ہے اور اب بھی مجموعی طور پر 8 لاکھ 30 ہزار سے زائد شہری پھنسے ہوئے ہیں۔
امدادی کاموں کے دوران لاشیں ملنے کا سلسلہ جاری ہے۔ مجموعی طور پر 25 سے زائد افراد جاں بحق ہوگئے۔ ہلاکتوں میں اضافے کا اندیشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔