کوئٹہ: دہشت گردوں نے بلوچستان کے علاقے تمپ میں فورسز کی چیک پوسٹ پرحملہ کیا، سیکیورٹی فورسز نے فوری بھرپور جوابی کارروائی کی، جس کے نتیجے میں دہشت گردوں کو بھاری نقصان پہنچا اور دوران جھڑپ 2 اہلکار شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچستان کے علاقے تمپ میں بیرونی حمایت یافتہ دہشت گردوں نے سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملہ کیا، یہ چیک پوسٹ دہشت گردوں کی نقل و حرکت روکنے کے لیے قائم کی گئی تھی۔
سیکیورٹی فورسز کی جانب سے دستیاب ہتھیاروں سے فوری جواب دیا گیا، جس سے دہشت گردوں کو بھاری نقصان پہنچا، جھڑپ کے دوران سپاہی نصیب اللہ اور سپاہی انشاء اللہ شہید ہوگئے، آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز دہشت گردوں کو شکست دینے کے لیے پُرعزم ہیں، بلوچستان میں امن، استحکام اور ترقی کا سفر متاثر ہونے نہیں دیا جائے گا۔