بلوچستان: ضلع بارکھان میں زلزلے کے جھٹکے، شدت 4.1 ریکارڈ

کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع بارکھان اور اس کے گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کے باعث علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ زلزلہ اچانک آیا جس کی وجہ سے لوگ گھروں، دفاتر اور دیگر عمارتوں سے باہر نکل آئے اور کلمہ طیبہ کا ورد کرتے رہے۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 4.1 ریکارڈ کی گئی، جبکہ اس کی زیرِ زمین گہرائی معمولی بتائی گئی ہے۔ زلزلے کے جھٹکے چند سیکنڈ تک محسوس کیے گئے، تاہم اس دوران کسی بڑے آفٹر شاک کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
علاقے کے مکینوں کا کہنا ہے کہ زلزلے کے جھٹکے ہلکے نوعیت کے تھے، تاہم اچانک ہونے کی وجہ سے خوف کی فضا پیدا ہو گئی۔ لوگ احتیاطاً کچھ دیر تک کھلے مقامات پر موجود رہے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق زلزلے کے نتیجے میں کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ متعلقہ ادارے صورتِ حال کا جائزہ لے رہے ہیں اور عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں اور کسی بھی ہنگامی صورتِ حال میں ضلعی انتظامیہ سے رابطہ کریں۔
واضح رہے کہ بلوچستان زلزلہ خیز خطے میں واقع ہے، جہاں ماضی میں بھی مختلف شدت کے زلزلے آتے رہے ہیں۔

balochistanBarkhan districtEarthquake tremorsmagnitude recorded at 4.1