بال ٹیمپرنگ کیس: فخر زمان دو میچوں کیلئے معطل

لاہور: پی ایس ایل 11 کے دوران بال ٹیمپرنگ کیس میں پی سی بی نے اوپنر فخر زمان کو سزا سنادی۔
پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق قومی کرکٹر فخر زمان کو پی ایس ایل کے دو میچز کے لیے معطل کر دیا گیا ہے۔
یہ پابندی ان پر ضابطہ اخلاق کی شق 2.14 کی خلاف ورزی پر لیول تھری جرم ثابت ہونے کے بعد عائد کی گئی ہے۔
خیال رہے کہ لاہور قلندرز کے فخر زمان 29 مارچ کو کراچی کنگز کے خلاف کھیلے گئے میچ کے آخری لمحات میں گیند سے چھیڑ چھاڑ کرتے نظر آئے تھے۔
آن فیلڈ امپائرز نے لاہور قلندرز پر پانچ رنز کی پنالٹی عائد کرکے گیند تبدیل کردی تھی۔
اس معاملے پر آن فیلڈ امپائرز نے فخر زمان پر چارج عائد کیا، جسے انہوں نے مسترد کرتے ہوئے باضابطہ سماعت کا مطالبہ کیا تھا۔
بعد ازاں میچ ریفری روشن مہانامہ نے تمام شواہد کا جائزہ لینے اور کھلاڑی کو مؤقف پیش کرنے کا موقع دینے کے بعد فیصلہ سنایا۔
سماعت کے دوران کپتان شاہین شاہ آفریدی سمیت ٹیم حکام بھی موجود تھے۔
پابندی کے باعث فخر زمان اپنی ٹیم کے آئندہ دو اہم مقابلوں میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔