صو بہ خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع باجوڑ میں راغگان ڈیم کے نزدیک ایک پولیس وین کو ریموٹ کنٹرول ڈیوائس سے نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔
ڈسٹرک پولیس افسر صمد خان نے ڈان سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پولیس وین ڈیم کے نزدیک امن و عامہ کی صورتحال یقینی بنانے کے لیے معمول کے گشت پر تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ صبح ساڑھے 10 بجے کے قریب پولیس وین کو ایک ریموٹ کنٹرول بم دھماکے سے نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکاروں نے جامِ شہادت نوش کیا۔
ڈی پی او کا مزید کہنا تھا کہ شہید ہونے والے اہلکاروں میں ایک سپاہی اور ایک حوالدار شامل ہے۔
بعد ازاں دونوں پولیس اہلکاروں کی لاشیں ڈسٹرک ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کردی گئیں۔
پولیس نے جائے وقوع سے شواہد اکٹھے کرنے کے علاوہ علاقے کو گھیرے لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا جبکہ ایک اضافی چوکی بھی قائم کردی گئی۔
اس سے قبل ضلع باجوڑ میں 21 اکتوبر کو ریموٹ کنٹرول دھماکے میں فرنٹیئر کور (ایف سی) اور پولیس کے 4 اہلکار شہید ہوگئے تھے۔
‘آئی ایس پی آر’ کے مطابق باجوڑ کے علاقے ڈبرائی میں آئی ای ڈی دھماکا سیکیورٹی فورسز کے سرچ آپریشن کے دوران ہوا۔
دھماکے کے نتیجے میں ایف سی کے 28 سالہ لانس نائیک مدثر اور 26 سالہ سپاہی جمشید شہید ہوئے جن کا تعلق بالترتیب کوہاٹ اور کراچی سے تھا۔
دھماکے میں 2 پولیس کانسٹیبلز سپاہی عبدالصمد اور سپاہی نور رحمٰن بھی شہید ہوئے تھے۔