بحریہ ٹاؤن جلاؤ گھیراؤ، 120 مظاہرین جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

کراچی: بحريہ ٹاؤن ميں جلاؤ گھيراؤ اور توڑ پھوڑ کے الزام ميں گرفتار 120 مظاہرين کو دو روزہ جسمانی ريمانڈ پر پوليس کے حوالے کرديا گیا۔
گرفتار ملزمان کو انسداد دہشت گردی کی عدالت ميں پيش کیا گیا۔ تفتیشی افسر نے عدالت سے ریمانڈ کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ ملزمان کی نشان دہی پر شریک ملزمان کو گرفتار کرنا ہے، جس پر عدالت نے مظاہرین کا 2 روزہ جسمانی ریمانڈ دیتے ہوئے آئندہ سماعت پر پیش رفت رپورٹ طلب کرلی۔
دھیان رہے کہ گزشتہ روز 6 جون کی شام مظاہرین نے کراچی کے بحریہ ٹاؤن میں حملہ کرتے ہوئے کئی گاڑیاں اور دکانیں جلادی تھیں۔ بعدازاں پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرتے ہوئے درجنوں افراد کو گرفتار کیا۔
بحریہ ٹاون کے خلاف صوبے کی قوم پرست جماعتوں کے اتحاد سندھ ایکشن کمیٹی نے مظاہرے کی کال دی تھی۔
کمیٹی میں قادر مگسی، جلال محمود شاہ، ایاز لطیف پلیجو اور دیگر سندھی قوم پرست رہنما شامل ہیں۔ اس طرح کے متعدد مظاہروں کی قیادت کرنے والی سندھ انڈیجینئس رائٹس الائنس نے بھی مظاہرے کی حمایت کی تھی۔