دبئی:آئی سی سی نے نئی رینکنگ کا اجرا کردیا، پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم کی ایک روزہ کرکٹ میں بادشاہت برقرار ہے۔
آئی سی سی کی جاری کردہ نئی رینکنگ کے مطابق مینز ون ڈے بیٹنگ پلیئرز رینکنگ میں کپتان بابراعظم 887 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ سب سے آگے ہیں جب کہ جنوبی افریقا کے راسی وین ڈیر ڈوسن 795 اور کوئنٹن ڈی کاک 750 پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب دوسری اور تیسری پوزیشن پر موجود ہیں۔
رینکنگ میں آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر 747، قومی ٹیم کے اوپنر امام الحق 740 پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب چوتھی اور پانچویں پوزیشن پر قابض ہیں۔
بھارت کے شبمن گِل 734 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ چھٹے جبکہ کوہلی 727 پوائنٹس کے ساتھ ساتویں نمبر پر موجود ہیں۔
ٹی20 رینکنگ میں بھارت کے سوریا کمار یادیو 908 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ پہلے جب کہ محمد رضوان 836 پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن پر براجمان ہیں۔
کپتان بابراعظم ٹی20 میں چوتھی پوزیشن جب کہ نیوزی لینڈ کے ڈیون کانوے 788 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر براجمان ہیں۔
دوسری جانب ون ڈے بولرز کی رینکنگ میں بھارت کے محمد سراج پہلے نمبر پر ہیں، ٹاپ 10 میں شامل واحد پاکستانی شاہین شاہ آفریدی کی آٹھویں پوزیشن ہے۔