لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے ون ڈے رینکنگ میں بھارتی کپتان ویرات کوہلی کو پہلی پوزیشن سے محروم کردیا۔
قومی کپتان نے آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ سپر لیگ میں شامل جنوبی افریقا کے خلاف ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کا اختتام دنیائے کرکٹ کے نمبرون بیٹسمین کی حیثیت سے کیا ہے۔
جنوبی افریقا کے خلاف ایک روزہ سیریز کے تین میچوں میں 228 رنز بنانے والے بابراعظم نےسیریز کے دوران مجموعی طور پر 28 ریٹنگ پوائنٹس حاصل کیے۔
سیریز کے آغاز سے قبل انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی درجہ بندی میں بھارت کے ویرات کوہلی اور پاکستان کے بابراعظم کے درمیان 20 ریٹنگ پوائنٹس کا فاصلہ تھا۔
میزبان ٹیم کے خلاف پہلے ایک روزہ میچ میں 103 رنز کی عمدہ اننگز کھیلنے پر بابراعظم آئی سی سی ون ڈے انٹرنیشنل پلیئرز رینکنگ میں پہلے نمبر پر پہنچ گئے تھے تاہم سیریز کے دوسرے میچ میں 31 رنز بناکر آؤٹ ہونے کے باعث وہ پانچ پوائنٹس گنوانے کی وجہ سے دوبارہ دوسری پوزیشن پر پہنچ گئے۔
البتہ بابراعظم نے سیریز کے تیسرے اور فیصلہ کن میچ میں ایک بار پھر شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 94 رنز بناکر مین آف دی میچ قرار پائے۔
میزبان ٹیم کے خلاف اس اننگز کی بدولت وہ ایک بار پھر ون ڈے انٹرنیشنل پلیئرز رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔
بابراعظم سے قبل بھارت کے کپتان ویرات کوہلی عالمی درجہ بندی میں نمبر ون بیٹسمین تھے۔ وہ اکتوبر 2017 سے اسی رینک پر موجود تھے۔
ون ڈے انٹرنیشنل رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر براجمان بابراعظم کا ٹی ٹوئنٹی کی عالمی رینکنگ میں تیسرا اور ٹیسٹ میں چھٹا نمبر ہے۔ ان کے علاوہ صرف ویرات کوہلی دنیا کے وہ واحد بیٹسمین ہیں جو فی الحال ان تینوں فارمیٹ کی عالمی درجہ بندی کے مطابق ابتدائی چھ بلے بازوں کی فہرست میں شامل ہیں۔
ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ کی تاریخ میں بابراعظم وہ چوتھے پاکستانی ہیں جنہوں نے یہ اعزاز حاصل کیا ہے۔
اس سے قبل ظہیر عباس نے ورلڈکپ 1983 میں نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں 103 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلنے پر عالمی درجہ بندی میں پہلی پوزیشن حاصل کی تھی، پھر جاوید میانداد نے ورلڈکپ 1987 میں سری لنکا کے خلاف 103 رنز بناکر یہ اعزاز حاصل کیا تھا۔
18 سال قبل محمد یوسف نے جنوبی افریقا کے خلاف ہوم سیریز میں 60 رنز بناکر آئی سی سی ون ڈے انٹرنیشنل رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کی تھی۔
کپتان بابراعظم کا کہنا ہے کہ وہ ظہیر عباس، جاوید میانداد اور محمد یوسف جیسے مایہ ناز کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل ہونے پر بہت فخر محسوس کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ تینوں کرکٹرز ہمیشہ پاکستان کرکٹ کے روشن ستارے رہیں گے۔
بابراعظم کا کہنا ہے کہ اب ان کا اگلا ہدف اس درجہ بندی کو برقرار رکھنا ہوگا، کوشش کریں گے کہ وہ سخت محنت اور یکسوئی کا مظاہرہ کریں۔ سرویوین رچرڈز نے جنوری 1984 سے اکتوبر1988 تک جب کہ ویرات کوہلی نے 1258 روز تک یہ پوزیشن اپنے پاس رکھی۔
علاوہ ازیں اوپنر فخر زمان جنوبی افریقا کے خلاف تین میچوں میں 302 رنزبناکر ناصرف مین آف دی سیریز رہے بلکہ وہ آئی سی سی ون ڈے انٹرنیشنل پلیئرز رینکنگ میں بھی پہلے دس بہترین بلے بازوں میں شامل ہوگئے۔ سیریز میں 8، 193 اور 101 رنز بنانے کی بدولت وہ عالمی درجہ بندی میں انیسویں سے ساتویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔
دوسری طرف قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے بھی ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں اپنی بہترین پوزیشن حاصل کرلی۔ جنوبی افریقا کے خلاف آخری ون ڈے میچ میں 3 وکٹیں حاصل کرنے والے شاہین نے تازہ ترین عالمی رینکنگ میں 11ویں پوزیشن حاصل کرلی ہے۔