کراچی: سوئنگ کے سلطان اور پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے موجودہ کپتان بابر اعظم سے اختلافات کی خبروں پر سخت ردعمل دیا ہے۔
بابر اعظم کے پاکستان سپر لیگ میں کراچی کنگز سے پشاور زلمی میں جانے کے بعد سوشل میڈیا پر قیاس آرائیاں کی جارہی تھیں کہ شاید بابر کے کراچی کنگز کے چیئرمین اور بولنگ کوچ وسیم اکرم سے تعلقات ٹھیک نہیں۔
اب حال ہی میں نجی ویب سائٹ کو انٹرویو میں وسیم اکرم نے ان تمام خبروں کو جھوٹا اور بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مسترد کیا ہے۔
وسیم اکرم نے کہا کہ بابر میرے بیٹے جیسا ہے، میں بابر سے کبھی ناراض نہیں ہوا، گھر بیٹھے چند صحافی ہیں جو یہ کہانیاں بنارہے ہیں، ان کا کام صرف ٹوئٹر پر ہے جو بغیر کھانا کھائے اور چائے پیے 24 گھنٹے صرف ٹوئٹر پر رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں آج تک ان صحافیوں سے ملا بھی نہیں ہوں۔
وسیم اکرم کے مطابق بابر اعظم کو پشاور زلمی کے ساتھ ٹریڈ کرنے کا فیصلہ مالکان نے کیا تھا اور ان کا اس سے کوئی تعلق نہیں تھا۔
وسیم اکرم نے کہا کہ لیگز میں کھلاڑیوں کے ایک سے دوسری ٹیم میں جانا عام بات ہے، کراچی کی ٹیم میری نہیں بلکہ اپنے مالک کی ہے، بابر میرے بیٹے کی طرح ہے، میں کیوں اس سے ناراض ہوں گا؟ میں اس کی مکمل حمایت کرتا ہوں۔
سوئنگ کے سلطان نے کپتان سے متعلق ہونے والی باتوں پر بھی اظہار خیال کیا اور کہا کہ بابر کو کپتانی سے ہٹانا فائدہ مند ثابت نہیں ہوگا، گو اس کا تجربہ کم ہے لیکن اسے سپورٹ کرنا فائدہ مند رہے گا، یہ ٹیم کے لیے بھی اچھا ہوگا، ہمیں دشمنوں کی ضرورت نہیں، اس کے لیے ہمارے اپنے لوگ کافی ہیں۔
انہوں نے کہا میں دیکھتا ہوں کہ کس طرح لوگ بابر پر تنقید کرتے ہیں، یہ شرمندگی کا باعث ہے، برائے مہربانی اپنا مذاق بنوانا بند کریں، مجھے اس سے دکھ پہنچتا ہے۔