سابق وفاقی وزیر بابر غوری 7 روز کے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

کراچی: سابق وفاقی وزیر بابر غوری کو انسداد دہشت گردی کی عدالت نے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔
بابر غوری کو انسداد دہشت گردی کی عدالت کے منتظم جج کے روبرو پیش کیا گیا، اس موقع پر عدالت کے اطراف سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔
سابق وفاقی وزیر کو بابر غوری کو پولیس، موبائل کی فرنٹ سیٹ پر بٹھا کر لائی جب کہ انہیں ہتھکڑی بھی نہیں لگائی گئی تھی۔
انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پولیس کا اپنے مؤقف میں کہنا تھا کہ بابرغوری پر اشتعال انگیز تقریر میں سہولت کاری کا الزام ہے اور ملزم کے خلاف سائٹ سپر ہائی وے تھانے میں مقدمہ درج ہے۔
پولیس کی جانب سے عدالت سے ملزم کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے بابر غوری کو 7 روز کے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔
اس موقع پر بابر غوری کا کہنا تھا کہ میرے خلاف تمام الزامات بے بنیاد ہیں، انہیں مسترد کرتا ہوں، اگر الزامات میں سچائی ہوتی تو واپس نہ آتا۔

Anti terrorist courtBabar GhaurikarachiOne Week police remand