کراچی: بابر غوری کو دبئی سے وطن واپسی پر کراچی ایئرپورٹ سے گرفتار کرلیا گیا۔
خود ساختہ جلاوطنی اختیار کرنے والے سابق وفاقی وزیر پورٹ اینڈ شپنگ بابر غوری کو کئی سال بعد وطن واپسی کراچی ایئرپورٹ سے حراست میں لیا گیا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق بابرغوری گزشتہ ایک ماہ سے دبئی میں مقیم تھے اور انہوں نے ایک ہفتہ قبل بھی پاکستان واپس آنے کے لیے ہوائی جہاز کے ٹکٹ خریدے تھے مگر اچانک وطن واپسی ملتوی کردی تھی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بابر غوری 4 جولائی کی رات پونے دس بجے امارات ایئرلائن کی پرواز ای کے 602 سے کراچی پہنچے۔
ذرائع نے بتایا سابق وفاقی وزیر جیسے ہی ایئرپورٹ سے باہر آئے تو انہیں حراست میں لے لیا گیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق موصولہ تصویر میں بابر غوری ایئرپورٹ کے باہر بعض سادہ لباس افراد اور پولیس اہلکاروں سے گفتگو کرتے نظر آرہے ہیں تاہم ذرائع کے مطابق انہیں اہلکار اپنے ہمراہ لے گئے۔
اس ضمن میں پولیس کا کہنا ہے کہ سابق وفاقی وزیر بابر غوری کے خلاف کرپشن اور دہشت گردی کے مقدمات درج ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق بابر غوری کی وطن واپسی سے متعلق پولیس کو الرٹ کیا ہوا تھا، جیسے ہی بابر غوری کراچی پہنچے تو انہیں ایئرپورٹ کے احاطے سے گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق کراچی کے مختلف تھانوں میں بابر غوری کے خلاف دہشت گردی کے مقدمات ہیں، انہیں آج (منگل) عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
پولیس ذرائع کے مطابق بابر غوری کے خلاف کراچی کے ضلع وسطی اور غربی میں مقدمات درج ہیں، انہیں فوری طور پر ضلع ملیر کے ایک تھانے میں گرفتار کرکے رکھا گیا ہے اور کراچی کے مختلف اضلاع کے شعبہ انویسٹی گیشنز کو بابرغوری کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات لے کر پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے۔