دبئی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی آئی سی سی کی نئی ون ڈے رینکنگ میں بہ حیثیت بلے باز پہلی پوزیشن برقرار ہے۔
اس حوالے سے نئی جاری کردہ رینکنگ کے مطابق قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم 887 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر موجود ہیں جب کہ دوسرے اور تیسرے نمبر پر بالترتیب رسی وین ڈر ڈوسن اور کوئنٹن ڈی کاک براجمان ہیں۔
آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر اور پاکستان کے امام الحق بھی بالترتیب چوتھی اور پانچویں پوزیشن پر موجود ہیں جب کہ بھارت کے شبھمن گِل دو درجے ترقی کے بعد چھٹے نمبر پر آگئے اور ویرات کوہلی ایک درجے تنزلی کے بعد ساتویں نمبر پر چلے گئے۔
اسٹیو اسمتھ بھی ایک درجے تنزلی کے بعد آٹھویں نمبر پر چلے گئے جب کہ روہت شرما دو درجے ترقی کے بعد نویں نمبر پر آگئے۔
دوسری جانب بولرز کی رینکنگ میں بھارت کے محمد سراج نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ سے پہلی پوزیشن چھین کر نمبر ون بولر بن گئے جب کہ نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ تیسرے نمبر پر چلے گئے۔
آسٹریلیا کے جوش ہیزل ووڈ کا رینکنگ میں دوسرا نمبر ہے جب کہ پاکستان کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی رینکنگ میں 8 ویں نمبر پر ہیں۔
ون ڈے آل راؤنڈرز کی رینکنگ میں بنگلادیش کے شکیب الحسن کا پہلا نمبر ہے جب کہ افغانستان کے محمد نبی دوسرے اور بنگلا دیش کے مہدی حسن تیسرے اور افغانستان کے راشد خان چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔