دبئی: پاکستان کے کپتان بابر اعظم اس وقت ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے نمبرون بلے باز ہیں، تاہم اُن کی اس پوزیشن کو بھارتی بلے باز سوریا کمار یادیو سے خطرہ ہے، اس حوالے سے سوال جنم لے رہا ہے کہ کیا سوریا کمار ٹی20 ورلڈکپ سے قبل بابراعظم سے پہلی پوزیشن چھیننے میں کامیاب ہوسکیں گے۔
آئی سی سی ٹی20 رینکنگ میں قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم 818 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر قابض ہیں، بھارت کے سوریا کمار یادیو 805 پوائنٹس کے ساتھ دوسری جب کہ پاکستان کے ہی وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان 794 پوائنٹس کے ہمراہ تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔
قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم ایشیاکپ میں بھارت کے خلاف محض 10 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے تھے جب کہ اس میچ میں سوریا کمار 18 رنز بناسکے تھے۔
بابراعظم 1075 دنوں سے ٹی20 کی عالمی رینکنگ میں نمبر ایک پوزیشن پر قبضہ جمائے ہوئے ہیں، ان سے قبل ویرات کوہلی آئی سی سی رینکنگ میں سرفہرست تھے۔