بال دوبارہ اُگانے والا ہیلمٹ!

سیئول: گنج پن کی بیماری میں تیزی کے ساتھ اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ لگ بھگ دُنیا کے تمام ممالک میں لوگوں کی خاصی بڑی تعداد گنج پن کا شکار ہے۔ اب ایسے لوگوں کے لیے ایک خوش کُن اطلاع آئی ہے۔ کورین ٹیکنالوجی کمپنی ایل جی نے اپنی بیوٹی لائن اپ پروڈکٹس میں حال ہی میں ایک اور پروڈکٹ کو شامل کیا ہے جو گنج پن کم کرنے میں معاون ثابت ہوگی۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق کی اس پروڈکٹ کا نام ’میڈی ہیئر‘ ہے جو دکھنے میں ایک عام ہیلمٹ کی طرح ہے لیکن یہ بالوں کو دوبارہ اُگانے میں مدد کرے گی۔
میڈی ہیئر لُو لیول لائٹ تھراپی (ایل ایل ایل ٹی) کی مدد سے بال کو دوبارہ اُگانے کا کام کرے گی جب کہ اس پروڈکٹ کی امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) کی جانب سے بھی منظوری دے دی گئی ہے۔
کورین کمپنی ایل جی کے مطابق جنوبی کوریا کے سوئل نیشنل یونیورسٹی اسپتال کے محققین نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ’میڈی ہیئر‘ پروڈکٹ کو ہفتے میں 3 بار جب کہ مہینے میں 4 دن استعمال کرنے سے بال گھنے ہوجائیں گے۔
میڈیل ہیئر میں 146 لیزر جب کہ 104 ایل ای ڈی لائٹس ہیں جو بالوں کی نشوونما کے لیے ذمے دار اسٹیم سیلز (خلیوں) کو ایکٹو کرنے میں مددگار ثابت ہوں گی۔
اس پروڈکٹ میں صارفین کے لیے 3 موڈز دستیاب ہوں گے، جس میں سے ایک پورے اسکیلپ (سر کی جلد) کے لیے، دوسرا موڈ سر کے فرنٹ حصے کے لیے جب کہ تیسرا موڈ سر کے درمیانی حصے کے لیے ہوگا۔
کمپنی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ وہ اس ماہ کے آخر میں اس پروڈکٹ کو پیش کریں گے جب کہ اس کی کیا قیمت ہوگی، اس بارے میں کمپنی نے نہیں بتایا۔

#Hair groomer#Helmet