اعظم خان سر پر گیند لگنے سے زخمی، دو ٹی ٹوئنٹی مقابلوں سے باہر

جارج ٹاؤن: پاکستان کرکٹ ٹیم کے جارح مزاج بلے باز اعظم خان نیٹ سیشن کے دوران سر پر گیند لگنے سے زخمی ہوگئے۔
اعظم خان سابق وکٹ کیپر بیٹسمین معین خان کے صاحبزادے ہیں۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق نیٹ سیشن کے دوران اعظم خان نے ہیلمٹ پہن رکھا تھا، اس کے باوجود انہیں سر پر کافی چوٹ آئی۔ انہیں سی ٹی اسکین کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں قومی کرکٹ ٹیم کے ڈاکٹر ریاض احمد ان کے ساتھ تھے۔
نوجوان بیٹسمین کے سی ٹی اسکین کا جائزہ لینے کے بعد نیورو سرجن نے انہیں مزید 24 گھنٹوں کے لیے ہسپتال میں رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
لہٰذا وہ ویسٹ انڈیز کے خلاف 31 جولائی اور یکم اگست کو شیڈول آئندہ دو ٹی ٹوئنٹی مقابلوں سے باہر ہوگئے ہیں۔ پیر کو اعظم خان کی انجری کا دوبارہ جائزہ لیا جائے گا، اس کے بعد ہی سیریز کے چوتھے اور آخری ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ کے لیے ان کی دستیابی سے متعلق حتمی فیصلہ سامنے آسکے گا۔

Azam Khanhead injuryout 2nd and 3rd t20Pakistan tour of West indiesPakistani batsman