پشاور: اپوزیشن اور حکومتی اتفاق رائے سے اعظم خان کی بطور نگراں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔
گورنر خیبرپختونخوا غلام علی نے نگراں وزیراعلیٰ کی تقرری کے احکامات جاری کردیے۔
اعظم خان کی بطور نگراں وزیراعلیٰ خیبرپختون خوا تقرری کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیراعلیٰ کے پی محمود خان کی صدارت میں پی ٹی آئی کے وفد نے اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ مذاکرات میں اعظم خان کو وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا تعینات کرنے پر اتفاق کیا تھا۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی ایڈوائس پر 18 جنوری کو اسمبلی تحلیل کی گئی تھی، محمود خان اور اپوزیشن لیڈر اکرم خان درانی نے نگراں وزیراعلیٰ کی تقرری پر مشاورت کی۔
گورنر کے پی نے کہا کہ وزیراعلیٰ محمود خان اور اپوزیشن لیڈر نگراں وزیراعلیٰ کے لیے اعظم خان کے نام پر متفق ہوئے، محمود خان اور اکرم درانی نے اعظم خان کی بطور نگراں وزیراعلیٰ تقرری کے لیے خط لکھا، گورنر خیبرپختون خوا نے آرٹیکل 224 کی شق 1 اے کے تحت اعظم خان کو نگراں وزیراعلیٰ تعینات کیا۔