مظفرآباد:آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے لیے پولنگ کے سامان کی ترسیل جاری ہے۔
32 لاکھ 20 ہزار سے زیادہ ووٹرز 45 حلقوں کے لیے کل حقِ رائے دہی استعمال کریں گے۔
پاکستان میں بسنے والے 4 لاکھ 5 ہزار 253 کشمیری بھی ووٹ کا حق استعمال کر سکیں گے۔
ان 45 حلقوں میں بشمول مہاجرین مقیم پاکستان 33 ہزار 616 ملازمین پر مشتمل پولنگ کا عملہ تعینات کیا گیا ہے، جبکہ آزاد کشمیر کے 33 حلقوں میں 27 ہزار 131 ملازمین پولنگ کی خدمات سر انجام دیں گے۔
آزاد کشمیر میں 5 ہزار 123 پریذائیڈنگ افسران، 7 ہزار 336 پولنگ افسران، 14 ہزار 672 پولنگ اسسٹنٹ تعینات کیئے گئے ہیں۔
پاکستان میں مقیم مہاجرینِ جموں و کشمیر کے 12 انتخابی حلقوں کے لیے بھی پولنگ کا عملہ تعینات کیا گیا ہے۔
پولنگ کے لیے 40 ہزار پولیس اہلکار الیکشن ڈیوٹی انجام دیں گے، جبکہ پاک فوج کے 6 سے 7 ہزار جوان بھی امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے تعینات ہوں گے۔
اس حوالے سے الیکشن کمیشن آزاد کشمیر کے ریٹرننگ افسر کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر انتخابات کے لیے بیلٹ پیپرز سمیت دیگر پولنگ کے سامان کی ترسیل کی جا رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پولنگ کل (اتوار 25 جولائی کی) صبح 8 سے شام 5 بجے تک جاری رہے گی، آزاد کشمیر میں رینجرز طلب کر لی گئی ہے، فوج اسٹینڈ بائی ہے جبکہ پنجاب میں پولیس امن و امان سنبھالے گی۔
ریٹرننگ افسر نے تفصیلات بتائے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر انتخابات کے لاہور میں 2 حلقے ہیں، ایک جموں اور ایک ویلی، جموں کا ایک حلقہ 48 اضلاع پر مشتمل ہے، جس میں کراچی اور بلوچستان کے کچھ اضلاع بھی شامل ہیں۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ویلی کی ایک نشست کا علاقہ لاہور ڈویژن پر مشتمل ہے، جموں کی ایک نشست کے لیے لاہور میں 15 پولنگ اسٹیشن قائم کیئے جائیں گی، جبکہ ویلی کی نشست کے لیے لاہور میں 10 پولنگ اسٹیشن قائم کیئے جائیں گے