کراچی: پاکستانی ڈراموں اور فلم کی مقبول اداکارہ عائشہ عمر نے انکشاف کیا ہے کہ ان کا جس شخص سے رشتہ طے ہوا تھا، اُس کے باعث انہیں ذہنی و جسمانی تشدد کا سامنا کرنا پڑا، لیکن کسی طرح وہ اس سے نکلنے میں کامیاب ہوگئیں۔ انہوں نے اُس شخص کا نام لینے سے گریز کیا۔
عائشہ عمر نے گزشتہ دنوں فریحہ الطاف کے پوڈکاسٹ انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ 8 سال قبل کی بات ہے، ہماری تقریباً بات پکی ہوچکی تھی، ہم فیملی کی طرح تھے، مجھے اس رشتے کو ختم کرنے یا اس سے نکلنے میں بہت وقت لگا کیونکہ میں سمجھتی تھی شاید وہ شخص میری محبت سے بدل جائے گا، میں اسے ٹھیک کرلوں گی۔
انہوں نے کہا وہ شخص سب کچھ کرنے کے بعد معافیاں مانگتا تھا جس کے بعد میں اسے معاف کردیتی تھی اور واپس اس کی طرف چلی جاتی تھی، لیکن ایک دن اس نے مجھے جسمانی تشدد کا نشانہ بنایا، اس دن میں نے فیصلہ کیا کہ نہیں اب مزید نہیں اور پھر میں نے رشتہ ختم کردیا۔
انہوں نے بتایا کہ جس سے میری بات پکی ہوئی تھی وہ دن رات گالم گلوچ کرتا تھا، وہ ایسا شخص تھا جسے گالیاں دینے کی عادت تھی، وہ کہتا تھا کہ میں پیار میں گالیاں دیتا ہوں۔
انہوں نے بتایا کہ مجھے اس صدمے سے نکلنے میں بہت وقت لگا کیونکہ میں نے اپنی زندگی کے قیمتی سال اس شخص کی وجہ سے برباد کردیے۔