کراچی: پروونشل ٹوباکو کنٹرول سیل سندھ نے کالجز ڈیپارٹمنٹ کے تعاون سے ڈسٹرکٹ سینٹرل کے کالجز کے لیکچرارز اور طلباء کے لیے آگاہی سیشن کا انعقاد کیا۔
اس نشست کا انعقاد گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج کے ایم سی پارک لیاقت آباد میں اس کالج کی پرنسپل میڈم صائمہ مشتاق کے تعاون سے کیا گیا۔
ضلع وسطی کے تمام کالجز کے لیکچرارز کے ساتھ مختلف کالجوں کے طلباء نے آگاہی سیشن میں شرکت کی۔
دوسری جانب 31 مئی 2024 کو تمباکو نوشی کی روک تھام کے عالمی دن کے موقع پر منعقدہ پوسٹر نمائش میں حصہ لینے والے طلباء کو تعریفی سرٹیفکیٹ بھی دیے گئے۔
شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے کو فوکل پرسن برائے ٹوباکو کنٹرول ڈسٹرکٹ سینٹرل پروفیسر شبانہ افضل نے بتایا کہ ہمیں پوسٹرز کی 60 سے زائد نامزدگیاں موصول ہوئی ہیں، جس میں زیادہ تر کا تعلق گرلز کالجز سے تھا، اس سے ثابت ہوتا ہے کہ ہماری طالبات تمباکو کے استعمال کے خطرات سے بخوبی آگاہ ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ کالج کے طلباء اور خاص طور پر اساتذہ کی ذمے داری ہے کہ وہ اپنے متعلقہ تعلیمی اداروں کے ساتھ اپنے معاشرے میں تمباکو کے استعمال کے خطرات کے بارے میں آگاہی پھیلائیں۔
پروونشل ٹوباکو کنٹرول سیل سندھ کے صوبائی کوآرڈینیٹر تنویر قائم خانی نے کے ایم سی پارک گرلز کالج کی پرنسپل کے ساتھ فوکل پرسن پروفیسر ڈاکٹر سید محمد اور کو فوکل پرسن پروفیسر شبانہ افضل کے آگہی سیشن اور تقسیم اسناد کی تقریب کے انعقاد میں اہم کردار ادا کرنے پر شکریہ ادا کیا۔
شرکاء نے تمباکو نوشی کی روک تھام کے قوانین پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے اپنے متعلقہ تعلیمی اداروں کے طلباء سے تمباکو کی نئی مصنوعات یعنی نکوٹین پاؤچز، الیکٹرانک سگریٹ ضبط کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
اختتامی کلمات میں کے ایم سی پارک گرلز کالج لیاقت آباد کی پرنسپل میڈم صائمہ مشتاق نے طلباء کو تمباکو کے ہر قسم کے استعمال سے بچانے کے لیے کالجوں میں آگاہی سیشنز کے انعقاد کے تسلسل کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے اپنے کالج کو تمباکو نوشی سے پاک زون قرار دینے کا بھی یقین دلایا، جس میں تمباکو نوشی کی ممانعت کے سائن چسپاں کیے جائیں گے اور ایش ٹرے فری پالیسی کو اپنایا جائے گا۔