راولپنڈی: سابق وفاقی وزیر اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کو پنڈی پولیس نے موٹروے سے گرفتار کرکے اسلام آباد کے تھانہ آبپارہ منتقل کردیا۔
بعدازاں پولیس کی جانب سے شیخ رشید کو اسلام آباد کے تھانہ آبپارہ سے میڈیکل کیلئے پولی کلینک اسپتال منتقل کیا گیا۔
پولیس حکام کا دعویٰ ہے کہ شیخ رشید نشے کی حالت میں تھے، شیخ رشید کے پاس سے مہنگے برانڈ کی شراب برآمد ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق شیخ رشید کے قبضے سے ایم 4 رائفل، کلاشنکوف اورآٹومیٹک گن بھی برآمد کی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق شیخ رشید کے خلاف آبپارہ تھانے میں مقدمہ درج ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق شیخ رشید نے الزام لگایا ہے کہ آصف زرداری نے عمران خان کو مروانے کے لیے دہشت گردوں کی خدمات حاصل کرلی ہیں، جس کا مقصد آصف زرداری کو بدنام کرنا ہے۔
ذرائع کے مطابق شیخ رشید کے خلاف آب پارہ تھانے میں پی پی راولپنڈی ڈویژن کے صدر راجہ عنایت الرحمان کی درخواست پرمقدمہ درج کیا گیا تھا۔