پہلے ٹی 20 میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 29 رنز سے ہرادیا

برسبین: سیریز کے پہلے ٹی 20 میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 29 رنز سے شکست دے کر 1-0 کی برتری حاصل کرلی۔
گابا کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے آسٹریلیا نے بارش سے متاثرہ 7 اوورز کے میچ میں پاکستان کے خلاف 4 وکٹوں کے نقصان پر 93 رنز بنائے۔
کینگروز نے ابتداء سے ہی جارحانہ انداز اپنایا، تاہم اوپنرز تیزی سے رنز بنانے کی کوشش میں وکٹ گنوا بیٹھے، جیک فریزر میک گرک 9 اور میٹ شارٹ 7 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔ تاہم گلین میکسویل نے 19 گیندوں پر 5 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 43 رنز کی اننگز کھیلی۔
دیگر کھلاڑیوں میں ٹم ڈیوڈ 10 بناکر آؤٹ ہوئے، مارکس اسٹونیس21 رنز بناکر دوسرے نمایاں بلے باز ثابت ہوئے۔
پاکستان کی جانب سے عباس آفریدی نے 2 جب کہ نسیم شاہ اور حارث رؤف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم مقررہ 7 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 64 رنز بناسکی، پاکستانی اوپنر صاحبزادہ فرحان 8، عثمان خان 4، بابراعظم 3، آغا سلمان 4 جب کہ کپتان محمد رضوان اور عرفان خان نیاری صفر پر پویلین لوٹ گئے۔
پاکستان کی جانب سے حسیب اللہ خان 12، شاہین آفریدی 11 جب کہ عباس آفریدی نے 20 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی۔
آسٹریلیا کی جانب سے زیویئر بارٹلیٹ اور نتھین ایلس نے 3، 3 جب کہ اسپینسر جانسن اور ایڈم زمپا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
قبل ازیں برسبین میں شیڈول سیریز کا پہلا ٹی20 میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ایک بجے شروع ہونا تھا تاہم بارش کی وجہ سے ٹاس تاخیر کا شکار رہا۔ یاد رہے گزشتہ روز محکمہ موسمیات نے بارش اور طوفانی ہواؤں کی پیش گوئی کی تھی۔
دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹی20 مقابلہ 7، 7 اوورز تک محدود رہا جبکہ پاور پلے 2 اوورز پر مشتمل تھا، اسی طرح ایک بولر زیادہ سے زیادہ 2 اوورز کرواسکتا تھا۔

 

1st T20Australia beat PakistanPakistan tour of AustraliaT20 Series