آسٹریلیا نے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کو 13 رنز سے ہرادیا

سڈنی: 3 ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے دوسرے مقابلے میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 13 رنز سے شکست دے کر سیریز 0-2 سے اپنے نام کرلی۔
سڈنی میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا کی جانب سے دیے گئے 148 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان ٹیم 19.4 اوورز میں 134 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
اس سے قبل آسٹریلیا کے کپتان جوش انگلس نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، آسٹریلیا کی جانب سے اننگز کا آغاز میتھیو شارٹ اور جیک فریسر مک گرک نے کیا۔
پاکستان کو اننگز کے پہلے دو اوورز مہنگے پڑے لیکن حارث رؤف نے 52 کے مجموعے پر پہلے جیک فریسر اور پھر کینگروز کپتان جوس انگلس کو پویلین بھیج دیا، عباس آفریدی نے میتھیو شارٹ کو 32 کے انفرادی اسکور پر آؤٹ کیا۔ ایرون ہارڈی 28 رنز بنا کر عباس آفریدی کا شکار بنے۔
مقررہ 20 اووز میں آسٹریلیا کی ٹیم نے 9 وکٹوں کے نقصان پر 147 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے 4 اور عباس آفریدی نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ دو وکٹیں سفیان مقیم کے حصے میں آئیں۔
148 رنز کے تعاقب میں پاکستان ٹیم 19.4اوورز میں 134 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
پاکستان کے عثمان خان نے 52 رنز کی اننگز کھیلی جب کہ عرفان خان 37 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔ کپتان محمد رضوان نے 16 رنز بنائے۔
صاحبزادہ فرحان نے 5 اور عباس آفریدی نے 4 رنزبنائے۔ بابراعظم نے 3 اور حارث رؤف نے 2 رنز بنائے۔
پاکستان کے چار کھلاڑی صفر پر آؤٹ ہوئے۔ سلمان آغا، شاہین آفریدی، نسیم شاہ اور سفیان مقیم بغیر رن بنائے آؤٹ ہوئے۔
آسٹریلیا کے اسپینسر جانسن نے 26 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔ ایڈم زمپا نے2 اور زاویئر بارٹلیٹ نے ایک وکٹ لی۔
آسٹریلیا کے اسپینسر جانسن عمدہ بولنگ پر پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔

2nd T20Australia beat PakistanPakistan tour of AustraliaT20 Series