کراچی: پاکستان کے اٹارنی جنرل خالد جاوید خان نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کراچی کو بچانے کے لیے مختلف قانونی اور آئینی آپشن سوچ رہی ہے۔
سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے حاجی کیمو گوٹھ تجاوزات سے متعلق کیس پر سماعت کی۔
چیف جسٹس جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیے کہ سندھ حکومت شہریوں کے بنیادی حقوق فراہم کرنے میں ناکام ہوئی، جس پر اٹارنی جنرل خالد جاوید نے کہا کہ کراچی اس وقت ایک یتیم شہر بنا ہوا ہے، تاہم وفاقی حکومت کراچی کو بچانے کے لیے مختلف قانونی اور آئینی آپشن سوچ رہی ہے۔
اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ میں اس وقت یہ بتانے کی پوزیشن میں نہیں کہ کیا اقدامات ہوسکتے ہیں، گزشتہ روز بھی وزیراعظم سے تفصیلی بات ہوئی تھی۔