ڈپریشن کے باعث ایک بار خودکشی کی کوشش کی، آئمہ بیگ

کراچی: گلوکارہ آئمہ بیگ نے اپنی زندگی سے متعلق بڑا انکشاف کیا ہے کہ وہ اس قدر ڈپریشن کا شکار ہوگئی تھیں کہ ایک بار خودکشی کرنے کی کوشش بھی کی تھی۔
آئمہ بیگ نے حال ہی میں ایک میگزین کو انٹرویو میں ڈپریشن، آرتھرائٹس کی بیماری میں مبتلا رہنے اور خود پر متعدد سنگین الزامات لگنے سے متعلق کُھل کر بات کی۔
آئمہ بیگ نے اپنی والدہ کے انتقال سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میری والدہ کا انتقال کینسر سے ہوا، ہمیں اُس وقت کینسر کی تشخیص کا علم ہوا جب وہ تیسرے درجے تک پہنچ چکا تھا۔
انہوں نے کہا کہ میری والدہ ہر بات دل میں رکھتی تھیں، جس کی وجہ سے اُنہیں ڈپریشن ہوا اور ڈپریشن کی وجہ سے ہی والدہ کو کینسر ہوا۔
آئمہ بیگ نے دورانِ انٹرویو اپنے ڈپریشن پر کُھل کر بات کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے یہاں لوگ ڈپریشن کو بیماری ہی نہیں سمجھتے اور نہ ہی اس پر بات کرتے ہیں جب کہ اصل میں ڈپریشن ہی تمام بیماریوں کی جڑ ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ میں کم عُمری میں ہی آرتھرائٹس کی بیماری کا شکار ہوگئی تھی، جب میں نے ڈاکٹر سے وجہ پوچھی تو ڈاکٹر نے بتایا کہ میری جینز میں یہ بیماری تھی اور والدہ کے انتقال کے بعد ڈپریشن کی وجہ سے یہ بیماری اُبھر کر سامنے آئی۔
آئمہ بیگ نے کہا کہ جب میری منگنی ٹوٹی اور مجھ پر برطانوی خاتون ماڈل نے اپنے سابق بوائے فرینڈ سے تعلقات کے الزامات لگائے تو اُس وقت میں اور میری فیملی صدمے میں چلی گئی تھی۔
گلوکارہ نے کہا کہ ان سنگین الزامات کے بعد تنقید کا سامنا کرنا پڑا، جس کی وجہ سے مجھے شدید ڈپریشن ہوا اور اسی دوران میں نے ایک بار خودکشی کرنے کی کوشش بھی کی تھی، کیونکہ میں زندہ نہیں رہنا چاہتی تھی۔
اُنہوں نے کہا کہ اس مشکل ترین وقت میں والد نے عُمرے پر جانے کا کہا، عُمرے کی ادائیگی کے دوران احساس ہوا کہ بے شک لوگ مجھ سے نفرت کرتے ہیں لیکن میرا رب مجھ سے محبت کرتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمرہ کرنے کے بعد سکون ملا اور ڈپریشن بھی ختم ہوا۔

About SuicideAima baigBig RevealedInterviewsinger