امریکی فوجی اڈوں پر حملے، پاسداران انقلاب کا 160 امریکیوں کی ہلاکت کا دعویٰ

تہران: امریکا اور اسرائیل کے ایران پر حملے کے بعد تہران کے جوابی حملوں کے نتیجے میں مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی شدت اختیار کرگئی، ایرانی فوج کی جانب سے بحرین میں امریکی بحریہ کے ہیڈکوارڑ اور فوجی اڈوں پر حملوں کے نتیجے میں 160 امریکیوں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
ایران پر امریکی و اسرائیلی حملوں میں شہید افراد کی تعداد 787 ہوگئی جب کہ ایران کے اسرائیل سمیت عرب ممالک میں قائم امریکی بیسز اور سفارت خانوں پر حملے جاری ہیں۔
ایرانی میڈیا کے مطابق چار روز سے جاری اسرائیلی و امریکی حملوں میں اس کے 787 شہری شہید ہوچکے ہیں اور سیکڑوں زخمی ہیں۔ یہ اعداد و شمار ایرانی ریڈ کریسنٹ سوسائٹی نے پیش کیے ہیں۔
انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والی ایک امریکی بیسڈ تنظیم کے مطابق حالیہ حملوں میں ایران میں 742 شہری ہلاک ہوچکے ہیں، جن میں 176 بچے ہیں۔
اسرائیلی میڈیا نے رپورٹ کیا ہے کہ شہید آیت اللہ علی خامنہ ای کے بیٹے مجتبیٰ خامنہ ای کو ایران کا نیا سپریم لیڈر منتخب کر لیا گیا ہے۔
تاہم اس خبر کی تاحال ایرانی سرکاری حلقوں کی جانب سے کوئی باضابطہ تصدیق نہیں کی گئی۔
ایرانی میڈیا نے پاسداران انقلاب کے حوالے سے خبر دی ہے کہ سپریم لیڈر کے انتخاب کے لیے مجلس خبرگان کا اجلاس جاری ہے اور نئے سپریم لیڈر کے انتخاب میں تقریباً ایک ہفتہ لگ سکتا ہے۔
رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ ایران کی مذہبی و سیاسی قیادت کے اندرونی مشاورتی عمل کے بعد سامنے آیا، لیکن سرکاری ذرائع خاموش ہیں جس کے باعث صورتِ حال غیر واضح ہے۔
ایران نے اسرائیل کے خلاف میزائلوں اور ڈرونز سے تازہ حملہ کردیا ہے جبکہ ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے آپریشن وعدہ صادق 4 کی 16ویں لہر شروع کرنے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔
پاسداران انقلاب اسلامی کے مطابق اسرائیل کی جانب بڑی تعداد میں بیلسٹک میزائل داغے گئے ہیں، جن کا ہدف مخصوص عسکری اور اسٹرٹیجک مقامات بتائے جارہے ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ میزائل حملوں کے ساتھ بڑی تعداد میں ڈرونز بھی اسرائیل کی سمت روانہ کیے گئے ہیں۔
متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں واقع امریکی قونصل خانے کے قریب زوردار دھماکوں کے بعد آگ اور دھویں کے بادل دیکھے گئے، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
عرب میڈیا کے مطابق ریاست ہائے متحدہ امریکا کا قونصل خانہ دبئی کو ڈرون حملے کا نشانہ بنایا گیا، جس کے بعد عمارت کے ایک حصے میں آگ بھڑک اٹھی۔
عینی شاہدین کے مطابق دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی جبکہ آسمان پر سیاہ دھواں بلند ہوتا دیکھا گیا۔

160 American KilledIran AttackisraelUSA