کوہاٹ: کوہاٹ کے نواحی علاقے میں پولیس موبائل پر فائرنگ سے ڈی ایس پی سمیت 6 اہلکار اور ایک شہری شہید ہوگیا۔
ڈی پی او کے مطابق منگل کو کوہاٹ کے نواحی علاقے شکردرہ روڈ پر پولیس موبائل پر فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں متعدد اہلکار زخمی ہوئے۔
ڈی پی او نے بعد ازاں تصدیق کی کہ پولیس موبائل پر دہشت گرد حملے میں ڈی ایس پی واحد محمود سمیت 3 اہلکار شہید ہوگئے جب کہ 4 اہلکار زخمی بھی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
بعدازاں دوران علاج مزید 2 اہلکار شہید ہوگئے، جس کے بعد دہشت گرد حملے میں شہید ہونے والے سیکیورٹی اہلکاروں کی تعداد 6 ہوگئی، جن میں ایک ڈی ایس پی بھی شامل ہے۔
ایم ایس کے مطابق دہشت گردوں کے حملے میں مجموعی طور پر 7 افراد شہید ہوئے جن میں ایک راہ گیر بھی شامل ہے جب کہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال میں 3 پولیس اہلکار اور ایک زخمی شہری زیر علاج ہے۔
پولیس حکام کے مطابق دہشت گردوں نے حملے کے بعد پولیس موبائل کو بھی آگ لگا دی فرار ہوگئے جب کہ پولیس کی بھاری نفری موقع پر طلب کرلی گئی ہے۔