راولپنڈی: خیبر پختون خوا کے ضلع بنوں میں سیکیورٹی فورسز نے اپنے قافلے پر حملے کو ناکام بنا کر 5 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جب کہ اس دوران لیفٹیننٹ کرنل سمیت 2 جوان شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 21 فروری کو ضلع بنوں میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز کے قافلے کو بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کی جانب سے بزدلانہ حملے کا نشانہ بنایا گیا، کارروائی علاقے میں خودکُش بم بار سمیت خوارج عناصر کی موجودگی کی اطلاع پر کی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ایک بارود سے بھری گاڑی پر سوار خودکُش بم بار کو سیکیورٹی فورسز کے اگلے دستے نے بروقت روک کر اس کے مذموم عزائم کو ناکام بنادیا، خوارج کی جانب سے حملے کا مقصد بنوں شہر میں معصوم شہریوں اور قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کو نشانہ بنانا تھا۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ آپریشن کے دوران خوارج کے ٹھکانوں کا سراغ لگا کر شدید فائرنگ کے تبادلے میں پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا، دہشت گردوں نے بارودی مواد سے بھری گاڑی اگلے گروپ کی ایک گاڑی سے ٹکرادی، حملے میں لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گل فراز اور سپاہی کرامت شاہ نے جامِ شہادت نوش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گل فراز اپنی جرأت مندانہ قیادت کے باعث معروف تھے اور اگلے مورچوں سے دستوں کی قیادت کررہے تھے۔
بیان کے مطابق خوارج عناصر ماہِ رمضان کے مقدس مہینے کے تقدس کو پامال کرتے ہوئے افغان سرزمین استعمال کر کے پاکستان میں دہشت گرد کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ ان کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں، افغان طالبان حکومت ایک بار پھر افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال ہونے سے روکنے میں ناکام رہی ہے۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے وژن "عزم استحکام” کے تحت کارروائیاں ملک سے غیر ملکی اسپانسرڈ اور حمایت یافتہ دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پوری رفتار سے جاری رہے گی، ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہماری قوم کو مزید مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کرتی ہیں۔